دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی عمارت کو ریکارڈ وقت میں بنانے کے لیے تقریبا 60000 شرم یوگیوں نے تعاؤن کیا ہے۔ اس موقعے پر وزیر اعظم مودی تمام شرم یوگیوں کو اعزاز سے بھی نوازیں گے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس موقعے پر ایک تاریخی روایت زندہ ہوگی۔ اس کے پیچھے یوگوں سے جڑی ایک روایت ہے۔ اسے تمل میں سینگول کہا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست 1947 کو ایک انوکھا واقعہ پیش آیا تھا۔ 75 سال گزرنے کے بعد آج ملک کے بیشتر شہریوں کو اس کا علم نہیں ہے۔ سینگول نے ہماری تاریخ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ سینگول اقتدار کی منتقلی کی علامت بنا تھا۔ تاریخی عصا سینگول کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں رکھا جائے گا۔ جب انگریزوں سے اقتدار کی منتقلی ہوئی تھی تب اسے سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے 14 اگست 1947 کو استعمال کیا تھا۔