جسٹس راجیو سہائے اور جسٹس آشا مینن کی بنچ نے ویڈیو کانفرنسنگ کی سماعت کے بعد عوامی مفاد میں مناسب ہدایات جاری کرنے کے لیے اس معاملے کو چیف جسٹس ڈی این پٹیل کے پاس بھیج دیا۔ اس معاملے پر 29 مئی کو چیف جسٹس ڈی این پٹیل کی سربراہی میں ایک بینچ سماعت کرے گی۔
عدالت نے کہا کہ 'آج کے بیشتر اخباروں میں لوک نائک جئے پرکاش نارائن ہسپتال (ایل این جے پی) میں کورونا مریضوں کی لاش کے بارے میں خبر شائع ہوئی ہے۔ اس خبر میں کہا گیا ہے کہ '108 لاشیں پڑی ہیں۔ 80 لاشوں کو ریک میں رکھا گیا ہے جبکہ 28 لاشوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھا گیا ہے۔ لوک نائک ہسپتال دہلی میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ اس کے مردہ خانے میں وہ لاشیں رکھی جارہی ہیں جن کی یا تو کورونا کی وجہ سے موت ہوئی ہے یا پھر انہیں مشتبہ طور پر کورونا تھا۔
خبر کے مطابق، 26 مئی کو نگمبودھ گھاٹ میں سی این جی کے شمشان گھاٹ سے آٹھ لاشیں لوٹائی گئیں، کیونکہ ان لاشوں کو وہاں تدفین کے لیے قبول نہیں کیا جاسکا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ نگمبودھ گھاٹ پر صرف چھ لوگ کام کر رہے ہیں۔ پانچ دن قبل ہلاک ہونے والے کورونا مریضوں کی بھی آخری رسومات ادا نہیں کی گئی ہے۔