نئی دہلی: ملک کے ممتاز پبلشرز میں سے ایک گیتا پریس، گورکھپور کو سال 2021 کے گاندھی امن انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اتوار کو جیوری نے غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر گیتا پریس، گورکھپور کو سال 2021 کے گاندھی امن انعام کے لیے منتخب کیا۔ یہ ایوارڈ گیتا پریس، گورکھپور کو عدم تشدد اور دیگر گاندھیائی نظریات کے ذریعے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں تبدیلی لانے میں نمایاں شراکت کے لیے دیا جا رہا ہے۔
گاندھی امن انعام ایک سالانہ ایوارڈ ہے جو مرکزی حکومت کی طرف سے دیا جاتا ہے۔ سال 1995 میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 125 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کے نظریات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ ایوارڈ قائم کیا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ قومیت، نسل، زبان، ذات، عقیدہ یا جنس کے امتیاز کے بغیر تمام افراد کے لئے کھلا ہے۔ ایوارڈ میں ایک کروڑ روپے کی رقم، ایک توصیف، ایک تختی اور ایک شاندار روایتی دستکاری اور ہینڈلوم کا شاہکار شامل ہے۔
اس ایوارڈ کے فاتحین میں اسرو، رام کرشنا مشن، گرامین بینک آف بنگلہ دیش، وویکانند کیندر (کنیا کماری)، اکشے پاترا (بنگلور)، ایکل ابھیان ٹرسٹ (بھارت) اور سولبھ انٹرنیشنل (نئی دہلی) جیسی تنظیمیں شامل ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے معزز شخصیات میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر ڈاکٹر نیلسن منڈیلا، تنزانیہ کے سابق صدر ڈاکٹر جولیس نیریرے، سری لنکا کی سروودیا شرمدان موومنٹ کے بانی صدر ڈاکٹر اے ٹی۔ ایریارتنے، وفاقی جمہوریہ جرمنی کے ڈاکٹر گیرہارڈ فشر، بابا آمٹے، آئرلینڈ کے ڈاکٹر جان ہیوم، چیکوسلواکیہ کے سابق صدر واکلیو ہیول، جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو، مسٹر چنڈی پرساد بھٹ اور جاپان کے مسٹر یوہی سساکاوا شامل ہیں۔