دہلی:قومی دارالحکومت دہلی میں ہوئے فساد معاملے سے چار ملزمین کو آج کرکرڈوما کورٹ نے بری کر دیا ہے۔ چاروں افراد کے خلاف شمال مشرقی دہلی کے برج پوری روڈ اور بھاگرتی وہار میں ہوئے فساد، لوٹ مار معاملے میں کیس درج کیا گیا تھا۔ راشد راجا، شاہ رخ، شعیب عرف چھوٹو اور شاہنواز کو بری کیا گیا ہے، ان پر کوگل پوری تھانے میں 85/20 کے تحت مختلف دفعات کے ساتھ مقدمات درج تھے۔
اس سلسلے میں عدالت میں دو چشم دید گواہ پیش ہوئے ایک گواہ منحرف ہوگیا، جب کہ دوسرے گواہ نے کسی اور مسئلے میں چشم دید ہونے کا اقرار کیا۔ جس کا مذکورہ معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عدالت نے ثبوتوں کے فقدان کی بنیاد پر ان کو بری کردیا۔ ان ملزمین میں سے شاہنواز کو چھوڑ کر مذکورہ بالا تینوں کی طرف سے گزشتہ تین سالوں سے جمعیۃ علماء ہند عدالت میں پیروی کر رہی تھی۔