نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کے مقابلے نئے کیسز (new cases of corona)میں اضافے کی وجہ سے فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ جب کہ اس دوران کورونا وبا کی وجہ سے تقریباً 500 لوگوں کی اموات (COVID-19 Death) بھی ہوئی ہے۔
جمعرات کی دیر رات تک ملک میں کورونا انفیکشن کے 10549 نئے کیسز (corona cases) کے اندراج کے ساتھ ہی متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 45 لاکھ 55 ہزار 431 ہو گئی ہے۔
اس دوران 83 لاکھ 88 ہزار 824 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 20 کروڑ 27 لاکھ 3 ہزار 659 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
جمعہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9868 مریضوں کے شفا یاب ہونے کے ساتھ ہی اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد تین کروڑ 39 لاکھ 77 ہزار 830 ہو گئی ہے۔
اس دوران 193 فعال معاملات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے فعال کیسز (corona cases) کی کل تعداد 110133 ہوگئی ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس مہلک وائرس کے انفیکشن سے مزید 488 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد چار لاکھ 67 ہزار 468 سے تجاوز کرگئی ہے۔