نئی دہلی: شمالی دہلی کے مکھرجی نگر میں واقع کوچنگ سینٹر میں جمعرات کی دوپہر اچانک آگ لگ گئی۔ آگ اس وقت لگی جب کوچنگ میں کلاسز جاری تھیں اور سینکڑوں طلباء مختلف کمروں میں زیر تعلیم تھے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اپنی جان بچانے کے لیے لڑکے اور لڑکیاں عمارت کی تیسری منزل پر واقع کوچنگ سینٹر کی کھڑکی سے رسی کی مدد سے نیچے آنے لگے۔
کوچنگ سینٹر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ اور تاروں میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی سی اے ٹی ایس، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ فی الحال اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مکھرجی نگر کا سنسکرت کوچنگ سنٹر تیسری منزل پر واقع ہے اور دوسرے دنوں کی طرح یہاں بھی طلباء مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا کام جاری ہے۔