دہلی میں کورونا انفیکشن کے اعدادوشمار ایک لاکھ سے تجاوز کر چکا ہے۔ اب بھی کورونا انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت اس پر قابو پانے کے لئے تمام اقدامات کررہی ہے۔ اس درمیان اب حکم جاری کیا گیا ہے کہ جو لوگ کورونا سے صحت یاب ہو کر گھر جا رہے ہیں ان سے فیڈ بیک لیا جائے۔
اس کا مقصد ہے کہ فیڈ بیک کی بنیاد پر کورونا اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج میں بہتری لانا ہے۔ حکومت کے ذریعہ تمام کورونا اسپتالوں کو حکم دیا گیا ہے۔ اس کے لئے مریضوں کی فیڈ بیک کا فارم تیار کیا گیا ہے، جس میں تمام سوالات لکھے گئے ہیں۔
اس فارم کے ذریعہ مریضوں سے پوچھا جائے گا کہ آپ کا تجربہ کیسا رہا؟ اسپتال میں صفائی کیسی تھی؟ کھانا کیسا تھا؟ ڈاکٹر کے ساتھ آپ کا تجربہ کیسا رہا؟ آپ کا بلڈ گروپ کیا ہے؟ کیا آپ کو کوئی دائمی شدید بیماری ہے؟ سب سے اہم سوال ساتواں اور آخری سوال ہے۔ یہ پلازما عطیہ سے وابستہ ہے۔
مریض سے یہ بھی پوچھا جائے گا کہ کیا آپ پلازما کا عطیہ کرکے کسی کی جان بچانا چاہیں گے؟
واضح رہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی پلازما عطیہ کرنے کے لئے مستقل طور پر اپیل کر رہے ہیں۔ یہ حکم دہلی کے تمام کورونا اسپتالوں کے لئے ہے، خواہ وہ دہلی کے سرکاری اسپتال ہوں، مرکزی اسپتال ہوں یا نجی اسپتال ہوں۔