سرینگر (نیوز ڈیسک) :عالمی ادارہ صحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس COVID-19 وبائی مرض کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آف انٹرنیشنل کنسرن (PHEIC) کے زمرے سے ہٹا لیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے جمعہ کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب پوری توجہ انفیکشن کے طویل مدتی انتظام پر مرکوز رہے گی، اس لیے کہ دنیا بھر کی حکومتوں نے وبائی امراض کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ سنہ 2019 کے اواخر میں چین کے شہر ووہان چین میں پہلی بار COVID-19 وائرس کا پتہ چلا۔ جنوری 2020 میں رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈبلیو ایچ او نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اسے ’’وبا‘‘ قرار دیتے ہوئے PHEIC کا اعلان کیا۔ یہ وبائی بیماری کئی ممالک میں تیزی سے پھیل چکی تھی جس سے سنگین بیماریاں، ہسپتال میں داخل ہونے اور اموات ہوئیں اور دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر ایک اہم دباؤ پڑا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کسی بیماری/ مرض کو صحت عامہ کی ایمرجنسی قرار دینے کے لیے تین شرائط کو پورا کرنا ناگزیر ہے: اول، یہ متعدد ممالک میں پھیل رہی ہو؛ دوم کہ یہ شدید بیماری، ہسپتال میں داخلے اور اموات کا سبب بنے اور تیسرا، یہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام پر خاصا دباؤ ڈالے۔ COVID-19 وبائی مرض نے 2020 اور 2021 دونوں میں ان تینوں معیارات کو پورا کیا تھا۔