نئی دہلی :انجمن طلبہ قدیم جامعۃ الفلاح، دہلی یونٹ کی جانب سے شاہین پبلک اسکول میں گزشتہ شب عید ملن و اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ممتاز عالم دین و جامعۃ الفلاح کے ناظم مولانا محمد طاہر مدنی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹرعاصم محمود فلاحی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔ ناظم جامعۃ الفلاح و عالم دین مولانا محمد طاہر مدنی نے 'ملک و ملت کی تعمیر میں فارغین جامعۃ الفلاح کا کردار'کے موضوع پر کلیدی خطاب پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ان ہونہار فارغین جامعہ کوجنہوں نے اپنی علمی لیاقت سے مختلف النوع عناوین اور زبانوں میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور آج مختلف شعبہ ہائے حیات میں نمایاں کارکردگی انجام دے رہے ہیں ،ان کو اعزاز سے نوازنے کے لیے جو محفل سجائی گئی ہے، وہ لائق ستائش اور قابل تحسین عمل ہے اور اس کے لیے دہلی یونٹ کے ذمہ داروں کی جتنی مبار باد جی کم ہے۔ مولانا محمد طاہر مدنی نے کہا کہ جامعہ کے فارغین کی یہ امتیازی خصوصیت ہے کہ وہ آپس میں مثبت تعلقات استوار رکھتے ہیں ، منظم طریقے سے ایک دوسرے سے رابطہ رکھتے ہیں اور جامعۃ کے فلاح و بہبود کے تئیں ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ مختلف الجہات کوششوں سے مادرعلمی کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعۃ الفلاح صرف ایک تعلیمی ادارے یا مرکز یا تعلیم گاہ کا نام نہیں ہے بلکہ یہ تعلیمی تحریک ہے جس سے کئی نسلوں نے فائدہ اٹھایا ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری و ساری ہے۔ جامعۃ الفلاح نے جو تعلیمی نظریہ پیش کیا اس کی گونج گزشہ 60 برسوں سے سنی جارہی ہے کیوں کہ اس کی اساس (نصاب)کتاب و سنت پر مبنی ہے۔ جدید و قدیم تعلیم کے مابین سنگم(دینی و عصری علوم کا حسین امتزاج) اس کے نصاب کی دوسری اہم خصوصیت ہے۔ مولانا مدنی نے پرمسرت لہجے میں کہا کہ الحمد للہ جامعہ ایک طرف تو تعلیمی شعبے میں ارتقائی منزل کی طرف رواں دواں ہے تو دوسری طرف دعوت دین کے فریضے کو ہر فرد تک پہنچانے کے لیے اپنا مشن جاری رکھے ہوا ہے اور اس اہم کاز کے لیے نیز اقوام عالم پر حجت تمام کرنے کے لیے ابنائے قدیم ہی ہمارے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم نسواں پر جامعہ نے خاص توجہ دی ہے تاکہ ہم صالح معاشرے کی تشکیل میں اہم رول ادا کرسکیں اور اس میں بھی الحمد للہ ہمیں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے رب کریم کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فارغین آج ملک و بیر ون ملک میں مختلف النوع شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ہر شعبے میں ان کی پزیرائی ہو رہی ہے اور یہ خدا کا خاص فضل و احسان ہے۔ناظم جامعۃ الفلاح نے انجمن طلبہ قدیم کی دہلی یونٹ کی خدمات کی بھرپور ستائش کی اور انہیں گراں قدر نصائح سے نوازا۔