دہلی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس سے منسلک اے جے ایل اور ینگ انڈیا کے کروڑوں روپے کے اثاثوں کو عارضی طور پر ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں یہ کارروائی کی ہے۔ اس کے تحت 751.9 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے کہا کہ ضبط کیے گئے اثاثوں میں اے جے ایل کی دہلی، ممبئی اور لکھنؤ سمیت کئی مقامات پر جائیدادیں ہیں۔ اس کی کل لاگت 661.69 کروڑ روپے ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ ینگ انڈیا کی جائیداد کی قیمت 90.21 کروڑ روپے ہے۔
ای ڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے پبلشر ایسوسی ایٹڈ جرنل لمیٹڈ (اے جے ایل) اور اس کی ہولڈنگ کمپنی ینگ انڈیا کے خلاف پی ایم ایل اے کے تحت ایک حکم جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ "تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اے جے ایل کے پاس غیر منقولہ جائیدادوں کی شکل میں جرائم کی آمدنی ہے، جو ملک کے کئی شہروں جیسے دہلی، ممبئی اور لکھنؤ میں واقع ہیں۔