نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے رائے دہندگان، خاص طور پر نوجوان ووٹرز کو بیدار کرنے اور ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دینے کی اپنی مہم میں کامک بک ’چاچا چودھری اور چناوی دنگل‘ کو شامل کیا ہے۔ چاچا چودھری کامکس کی بے پناہ مقبولیت کے پیش نظر، ایک منفرد پہل’چاچا چودھری اور چناوی دنگل‘ نامی ایک کامک بک کا اجراء بدھ کو چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار اور الیکشن کمشنرز انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل کی طرف سے نرواچن سدن میں کیا گیا۔
راجیو کمار نے کہا کہ کامک بچوں کو انتخابی عمل کا تصور کرنے میں مدد کرے گا اور یہ پرانی نسل کو ان کے پہلے کے دنوں کو پھر سے زندہ کرنے میں بھی مدد کرے گا۔ کمیشن کی ایک ریلیز کے مطابق کامک بک ای سی آئی اور پران کامک کی ایک مشترکہ پہل ہے جسے نوجوانوں کو جمہوریت کے تہوار میں اپنا اندراج کرنے اور حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں مشہور کارٹونسٹ آنجہانی پران کمار شرما کے ذریعہ پیش کردہ معروف کارٹون کردار چاچا چودھری، سابو، بلو کو دکھایا گیا ہے۔