نئی دہلی: پارلیمنٹ کے جاریہ سرمائی اجلاس سے بڑے پیمانے پر ارکان پارلیمان کی معطلی کا اثر پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں دیکھنے کو ملا۔ یہ میٹنگ کانگریس کی آئندہ سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد کی گئی ہے۔کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد کی گئی ہے۔ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملیکا رجن کھرگے، رکن پارلیمان راہل گاندھی سمیت پارٹی کے تمام بڑے لیڈر میٹنگ میں شریک ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ پارلیمنٹ 2023 کے سرمائی اجلاس کے بقیہ دنوں میں پارٹی کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سی پی پی صدر سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹی ٹیوشن ہاؤس کے سینٹرل ہال میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں کہا، 'اس حکومت نے جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ اس سے پہلے کبھی پارلیمنٹ کے اتنے اپوزیشن ارکان کو ایوان سے معطل نہیں کیا گیا تھا۔ وہ بھی صرف ایک مکمل معقول اور جائز مطالبہ اٹھانے کے لیے۔
واضح رہے، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے کل 151 اپوزیشن اراکین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان پارلیمان کل سے پارلیمنٹ کے احاطہ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے روبرو احتجاج کررہے ہیں۔