طبی آلات کے لئے قانون بنانے کا مطالبہ - مصنوعی کولہے
راجیہ سبھا میں کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے بدھ کو ایوان میں ملک میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی طرف سے گھٹیا مصنوعی کولہے (ہپ ) کی فراہمی کا معاملہ اٹھایا اور میڈیکل آلات کے سلسلے میں قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔
آنند شرما نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی کمپنی نے ملک میں ایسے مصنوعی کولہوں کی فراہمی کی جس پر باقی دنیا میں پابندی لگا دی گئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ ہپ لگائے گئے تھے ان میں بہت سے وفات کر گئے ہیں۔
جناب شرما نے کہا کہ معاملہ سامنے آنے پر کمپنی کو فی شخص 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کی ہدایات دی گئی ہے۔ ملک میں ایسے تقریبا 4000 لوگوں کو یہ ہپ لگائے گئے لیکن اب تک محض 26 کی شناخت کی جا سکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناقص کولہوں کی سپلائی کی جانچ کی جانی چاہئے اور حکومت کو طبی آلات مارکیٹ کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک جامع قانون لانا چاہئے۔
مصنوعی اعضا لگوانے والے لوگوں کا ایک رجسٹر بنایا جانا چاہئے۔ ایوان کے کئی ارکان نے ان کی حمایت کی اور کہا کہ گردے اور امراض قلب کی تشخیص میں استعمال ہونے والے آلات میں بھی شکایتیں آرہی ہیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے وجئے پال تومر نے مغربی اترپردیش میں نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ کی شاخ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انهوں نے کہا کہ علاقے میں 25 اضلاع ہیں لیکن ایک بھی جدید اسپتال نہیں ہے۔ علاقے کے لوگوں کو علاج کیلئے نئی دہلی آنا پڑتا ہے۔