نئی دہلی:حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ایک طویل انتظار کے بعد حج بیت اللہ کے لئے درخواستیں جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ رواں برس حج درخواستیں مکمل طور پر آن لائن ہی جمع کی جا رہی ہیں لیکن درخواست جمع کیے جانے کے اعلان کے بعد سے ہی دہلی سے حج بیت اللہ جانے کے خواہش مند افراد پریشانی میں مبتلا ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ آن لائن حج فارم بھرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے کبھی سرور ڈاون رہتا ہے تو کبھی کوئی اور تکنیکی خرابی کے سبب فارم بھرنے میں دشواری پیدا ہو جاتی ہے۔ اسی پریشانی کو لیکر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان سے بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ شکایت ان کے پاس بھی آئی ہے۔ انہوں نے اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے بروقت کارراوائی کرنے کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے تاکہ اس تکنیکی خرابی کو درست کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ایک سینٹر کا قیام کیا جاتا ہے جس میں عازمین کو حج درخواست جمع کرانے میں مدد کی جاتی ہے۔ رواں برس بھی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے ملازمین کی ایک ٹیم کو حج درخواستیں جمع کرنے کے لیے وقف کردیا ہے یہ تمام ملازمین صرف اور صرف عازمین کی آن لائن درخواستیں جمع کرانے میں مصروف ہیں۔ نمائندے سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کوئی بھی درخواست گزار اپنی حج کی درخواست جمع کرانے کے لیے آ سکتا ہے اسے بغیر کسی فیس کے تمام تر سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔