صبح کے وقت دہلی کے متھرا روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 518 رہی۔ پوسا میں 450، آئی جی آئی ایئرپورٹ 448، آئی ٹی او 486، بوانا 448، لودھی روڈ 476، روہنی 464، میجر دھیان چند اسٹیڈیم 487، مندر مارگ 454 اور وزیر پور میں 480 ریکارڈ کیا گیا۔
سی پی سی بی حکام کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک آلودگی کی سطح سے کوئی راحت نہیں ملنے والا ہے۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے بعد دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آلودگی کے معاملے پر ایک ہنگامی میٹنگ بلائی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ دارالحکومت دہلی میں ایک ہفتے تک کچھ پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اس میں جہاں اسکولوں کو بند کرنے اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا کہا گیا تھا۔
وہیں دوسری جانب سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو گھر سے کام دینے کی بھی بات کی گئی۔ دہلی حکومت نے آلودگی پر کنٹرول کرنے کے لیے پہلے سے ہی ’ریڈ لائٹ گاڑی آف‘ جیسی مہم شروع کررکھی ہے، اس کے ساتھ ہی حکومت نے دیوالی کے موقع پر دہلی میں پٹاخے پر مکمل پابندی عاید کردی تھی اس کے باوجود دہلی میں آلودگی کی سطح کم نہیں ہوئی ہے۔ آلودگی پر سپریم کورٹ نے دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کی سخت سرزنش کی تھی۔