دہلی: حج بیت اللہ 2023 کے لیے عازمین حج کی روانگی سے پہلے حج سے متعلق مختلف امور کی انجام دہی کے سلسلے میں حج کمیٹی کی جانب سے تیاریوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اسی سلسلے میں آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں نے بھارت میں سعودی عرب کے سفیر صالح بن عید الحسینی سے ملاقات کی اور دوران حج بھارتی عازمین بطور خاص دہلی کے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ دوسری جانب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی طرف سے دہلی کے منتخب شدہ عازمین حج کی تربیت کے لیے نو روزہ حج ٹریننگ کیمپ کا باضابطہ آغاز ہوا۔ یہ تربیتی کیمپ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کی تربیت کے لیے لگائے گئے ہیں۔ جس کے تحت مغربی، جنوب مغربی اور شمال مغربی دہلی کے عازمین حج کو تربیت دی گئی۔ اس پروگرام میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ممبر و کونسلر نازیہ دانش، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، دسٹرکٹ ٹرینر محمد شاہنواز، مفتی شمیم احمد قاسمی اور خاتون عالمہ صبیحہ صالحاتی کے علاوہ کثیر تعداد میں عازمین حج نے شرکت کی۔
یہ تربیتی کیمپ صبح 9:30 بجے سے شام 05:00 بجے تک جاری رہے گا، اس حج تربیتی پروگرام میں مختلف سیشن کے ذریعے حج سے متعلق ارکان و مسائل کے علاوہ دوران حج مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو درپیش مشکلات اور معاملات پر مفید آراء ہدایات دی گئیں۔حج تربیتی پروگرام میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن نے اپنے صدارتی خطبہ میں عازمین کا استقبال کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ساتھ ہی سفر حج پر روانگی کے لیے تبریک و تہنیت پیش کیں اس کے بعد حج کمیٹی کی ممبر نازیہ دانش نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جبکہ ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے تربیتی کیمپ کے مختلف اجلاس میں روز بروز ہونے والی گفتگو کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔ اجلاس کے پہلے سیشن میں ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نے ویڈیو فلم و سلائیڈ کے ذریعے عازمین حج کو حج سے متعلق اہم تفصیلات فراہم کیں۔ اس کے بعد ڈسٹرکٹ ٹرینر نے عازمین حج کو مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ و فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں مفصل جانکاری فراہم کرائی۔ مفتی شمیم قاسمی نے مسائل حج پر مفصل بیان پیش کیا جبکہ خواتین کے مسائل کے متعلق عالمہ صبیحہ صالحاتی نے خواتین کو ان کے معاملات و مسائل پر اظہار خیال کیا۔