دارالحکومت دہلی کے شمال مشرقی خطے میں گزشتہ چند ماہ قبل جو فرقہ وارانہ فسادات ہوئے اس کے بعد دہلی حکومت کی جانب سے مدد کے طور پر معاوضہ کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم فسادات کے کچھ دن بعد ہی دہلی کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا اسی دوران دہلی حکومت کی جانب سے دی جانے والی معاوضے کی رقم بھی روک دی گئی تھی جس سے فساد زدگان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔
'جلد ہی دہلی حکومت کی جانب سے فساد زدگان کو معاوضہ دیا جائے گا' اسی سے متعلق گز شتہ چند روز قبل دہلی ہائی کورٹ نے بھی فساد زدگان کو معاوضہ کی رقم دینے کا حکم دیا۔ جب فساد زدگان کراول نگر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے پاس پہنچے تو انہیں دھکے دے کر باہر نکال دیا گیا۔
اسی موضوع پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے مصطفی آباد کے رکن اسمبلی حاجی یونس سے خصوصی بات چیت کی جس میں انہوں نے بتایا کہ فساد زدگان کو دی جانے والی معاوضے کی رقم کسی بھی حال میں نہیں رکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ تھا جس کی وجہ سے تمام سرگرمیاں روک دی گئی تھی تاہم اب دہلی حکومت نے پھر سے فساد زدگان کو دی جانے والی معاوضہ کی رقم اور ان کی امداد کا کام شروع کر دیا ہے۔