قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے نئے متاثرین ایک ہزار سے بھی کم یعنی 956 کی تصدیق ہوئی ہے اور 2380 مریضوں کو اس بیماری سے شفایابی ملی ہے جبکہ اس دوران 122 مزید مریضوں کی موت ہوگئی۔
راحت کی بات یہ ہے کہ صحت یاب ہونے والے لوگوں کی تعداد نئے متاثرین سے ڈھائی گنا زیادہ درج ہوئی ہے۔ دارالحکومت میں نئے مریضوں کے مقابلہ میں شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتے کے روز دہلی میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 1546 گھٹ کر 13035 ہوگئی۔
دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے آج جاری ہونے والی بلیٹن کے مطابق اس عرصے کے دوران 956 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1424646 ہوگئی ہے، جبکہ 2380 مزید مریضوں کی شفایابی کے بعد کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 1387538 ہوگئی ہے۔