کووِڈ۔19 انڈیا ڈاٹ او آر جی‘ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 265740 کیسز کی اتوار کی رات تک تصدیق ہو چکی ہے۔ آج صبح یہ تعداد 256611 تھی۔ اب تک کل 128894 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 7473 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ دیگر 129358 مریضوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان ہفتے کی رات کورونا متاثرہ کے معاملے میں اسپین کو پیچھے چھوڑ کر پوری دنیا میں پانچویں مقام پر پہنچ گیا تھا اور یہ تیزی سے چوتھے مقام پر موجود برطانیہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسپین میں 241717 متاثر ہیں حالانکہ اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد ہندوستان کے مقابلے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔ اسپین میں 27136 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وبا سے اب تک 1946555 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 110689 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے بعد برازیل (6.91 لاکھ)، روس (4.76 لاکھ)، برطانیہ (2.88 لاکھ) اور ہندوستان (2.65 لاکھ) کا مقام ہے۔ اسپین کے بعد اٹلی کا مقام ہے جہاں اس وبا سے 33964 افراد کی موت ہوئی ہے اور 2.34 لاکھ افراد متاثر ہیں۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 48.75 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی جو تعداد سامنے آرہی ہے وہ محض 5.2 فیصد ہی ہے اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے وہاں بھی متاثرین کا تقریباً یہی فیصد نکل رہا ہے۔
ملک کی 10 ریاستوں کے 38 اضلاع کے 45 میونسپل میں کورونا کیسز میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے اور ان اضلاع میں کورونا سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت کے اعلیٰ افسران نے متعلقہ افسران سے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ کی۔ ان ریاستوں میں مہاراشٹر، تلنگانہ، تملناڈو، راجستھان، ہریانہ، گجرات، جموں وکشمیر، کرناٹک، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش ہیں۔
ہیلتھ سکریٹری پرتی سودن، افسر آن اسپیشل ڈیوٹی راجیش بھوشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے ان ریاستوں کے متعلقہ ضلع افسران، میونسپل کمشنروں، چیف ہلتھ افسران، ضلع اسپتال کے افسران اور میڈیکل کالج کے پرنسپل اور میونسل اور بلدیہ کے افسران سے گفتگو کی۔ اس دوران گھنی آبادی پر مشتمل شہری علاقوں میں کورونا وائرس کو روکنے کے منصوبے، گھر گھر جا کر سروے کرنے، فوراً ٹیسٹ، اس کے بعد آئیسولیشن کا عمل، مصدقہ کیسز کے طبی انتظامات اور متاثرہ علاقوں میں کنٹینمینٹ کی پالیسی پر غور و خوض کیا گیا۔
جائزہ لینے کے مقصد سے منعقد اس میٹنگ میں غور و خوض کیا گیا کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ پائے جا رہے ہیں وہاں کے لوگوں کا زیادہ ٹیسٹ کیا جائے اور ان کے رابطے میں آنے والوں کا پتہ لگا کر مناسب کنٹینمینٹ کی پالیسی اختیار کی جائے۔ ایسے علاقوں میں کنٹینمینٹ زون اور بفر زون کو واضح طور پر موڈیفائی کرکے کورونا کنٹرول کے طریقہ کار پر زور دیا جائے۔ میٹنگ میں زور دیا گیا کہ ’سیویئر اکیوپ رسپیریٹری اِلنیس‘ اور ’انفلوئنزا لائک اِلنیس‘ جیسے معاملوں پر سنگینی سے غور و خوض کیا جائے اور اس طرح کے معاملوں میں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کیا جائے اور جو پوزیٹیو پائے جائیں ان کا فوراً علاج کیا جائے تاکہ شرح اموات میں کمی لائی جا سکے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) ملک میں کورونا کے کل 4774434 سیمپل کا ٹیسٹ کر چکا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 108048 نمونوں کا ٹیسٹ ہوا ہے اور ابھی تک ملک میں 4666,386 نمونوں کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ اس کام میں 540 سرکاری لیبارٹریز اور 231 پرائیویٹ لیبارٹریز نمونوں کا ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹے میں 2553 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد بڑھ 88528 اور 109 افراد کی موت ہوئی ہے۔