کووِڈ۔19 انڈیا ڈاٹ او آر جی‘ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 254340 کیسز کی اتوار کی رات تک تصدیق ہو چکی ہے۔ آج صبح یہ تعداد 246628 تھی۔ اب تک کل 122738 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 7117 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ دیگر 124472 مریضوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان کورونا متاثرہ کے معاملے میں اسپین کو پیچھے چھوڑ کر پوری دنیا میں پانچویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان میں جہاں ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد متآثر ہوئے ہیں وہیں اسپین میں 241550 افراد متاثر ہیں حالانکہ اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔ ہندوستان میں اب تک جہاں ساتھ ہزار سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے وہیں اسپین میں 27135 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا کے کل 19858 سامنے آئے ہیں۔
دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وبا سے اب تک 1922054 افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 109811 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے بعد برازیل (6.72 لاکھ)، روس (4.67 لاکھ)، برطانیہ (2.87 لاکھ) اور ہندوستان (2.54 لاکھ) کا مقام ہے۔ اسپین کے بعد اٹلی کا مقام ہے جہاں اس وبا سے 33846 افراد کی موت ہوئی ہے اور 234801 افراد متاثر ہیں۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 46 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور متاثرہ مریضوں کی جو تعداد سامنے آرہی ہے وہ محض 5.2 فیصد ہی ہے اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے وہاں بھی متاثرین کا تقریباً یہی فیصد نکل رہا ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے بھی کورونا مریضوں کے ٹیسٹ کے لیے مسلسل لیبارٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور اس وقت ملک میں 531 سرکاری لیبارٹریز اور 228 پرائیویٹ لیبارٹریز نمونوں کا ٹیست کر رہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 142069 نمونوں کا ٹیسٹ ہوا ہے اور ابھی تک ملک میں 4666,386 نمونوں کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گذشتہ 24 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور 91 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد بڑھ کر85975 اور اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3060 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1924 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جس سے شفایاب ہونے والوں کی کل تعداد 39314 ہو گئی ہے۔ ریاست میں فعال کیسز کی تعداد 43601 ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہونے کے معاملے میں تملناڈو دوسرے پائدان پر ہے، جہاں متاثرین کی تعداد 31687 تک پہنچ گئی ہے اور 272 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 16999 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دی جا چکی ہے۔
کورونا کے سبب قومی دار الحکومت کی بھی صورتحال کافی تشویشناک ہے اور ملک میں دہلی، کورونا متاثرین کی تعداد کے کیسز میں تیسرے مقام پر ہے۔ دہلی میں 27654 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 761 افراد کی جان جا چکی ہے جبکہ 10664 مریضوں کے علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔