دہلی: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے دہلی صدر کلیم الحفیظ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی ایک سازش Conspiracy to eradicate Urdu from Delhi کے تحت دہلی سے اردو مٹانے کی کوشش کررہے ہیں جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ 'دہلی میں اردو زبان کو سیکنڈ لینگویج کا درجہ ملنے کے بعد سے مسلسل سرکاری محکمے میں اردو کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعہ مسلم اکثریتی علاقہ جامعہ نگر تھانہ کا ہے جہاں بورڈ سے اردو کو ہٹادیا گیا جو منظم سازش ہے۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ اردو میں دی جانے والی اکثر درخواستیں ردی کی ٹوکری میں ڈال دی جاتی ہیں۔ دفاتر کے بورڈ اور آفیسران کے ناموں کی تختیاں بھی اردو میں شاذ و نادر ہی نظر آتی ہیں۔
دہلی کے پولس اسٹیشنوں پر اردو میں بھی نام لکھے گئے تھے مگر اب جو نئے بورڈ لگائے جارہے ہیں وہاں سے اردو غائب کردی گئی ہے۔ دوسرا ظلم یہ ہے کہ پولس اسٹیشن کے اندر اگر کچھ اردو میں لکھا بھی ہے تو اس میں بہت ساری غلطیاں ہیں۔ اردو کے ساتھ یہ ظالمانہ اور متعصبانہ رویہ سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔