نئی دہلی:کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے ذریعہ نئی پارلیمنٹ عمارت کا افتتاح نہ کرنے پر حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت اعلیٰ آئینی عہدے کی عزت و وقار کو پار کرنے کا کام کر رہی ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا تو اس وقت سابق صد جمہوریہ رام ناتھ کووند کو نظر انداز کیا گیا اور اب جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس تیار ہے تو اس کا افتتاح صدرجمہوریہ کے ذریعے نہیں کرایا جا رہا ہے۔
کانگریس صدر نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت نے دلت اور آدیواسی برادریوں کی شرکت صدارتی انتخابات کے لئے صرف انتخابی وجوہات سے یقینی کی ہے۔ نئی پارلیمنٹ عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھی اس وقت کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اور اب صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو بھی نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں مدعو نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پارلیمنٹ ملک میں قانون سازوں کا ایک اعلی ادارہ ہے اور صدر جمہور یہ کو اس کا اعلیٰ آئینی اختیار حاصل ہے۔ صدرجمہوریہ ملک کا پہلا شہری ہوتا ہے۔ صدرجمہوریہ حکومت، اپوزیشن اور ملک کے ہر شہری کی یکساں نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پارلیمنٹ عمارت کا افتتاح صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ذریعہ ہوتا تو جمہوری اقدار اور آئینی وقار کے تئیں حکومت کے عزم کی علامت ہوتا۔