نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو چین کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے پوچھا کہ "غیر ملکی طاقتوں کے کنٹرول میں کون ہے"۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ وزیراعظم مودی 20 مرتبہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرچکے، سرحد پار سے ہونے والی خلاف ورزیوں پر چین کو کلین چٹ دے دی گئی، اور پی ایم کیئرز فنڈ کو چینی کمپنیوں سے کروڑوں کے عطیات لینے کی اجازت دی بھی دی گئی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے مودی اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقاتوں اور سابرمتی ندی کے کنارے پر جھولے کی ویڈیو بھی جاری کی۔ جے رام رمیش نے ایکس پر کہا کہ "وزیراعظم مودی شی جن پنگ سے 20 بار ملاقات کر چکے ہیں، جس میں ان کے ساتھ جھولے پر بیٹھنا بھی شامل ہے۔ مودی نے 19 جون 2020 کو سرحدی خلاف ورزیوں کے معاملے پر چین کو عوامی طور پر کلین چٹ دے دی''۔