لکھنؤ: مرکز کی بی جے پی حکومت پر مہنگائی و بے روزگاری کو بڑھاوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس کی سینئر لیڈر و ترجمان سپریا شرینیت نے اترپردیش کی عوام سے چار ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں 'مہنگائی پر ہلا بول' ریلی میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔ شرینیت نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ 'ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے لئے مودی حکومت کی غلط معاشی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ Halla Bol Rally over rising inflation September 4
پٹرول، ڈیزل،رسوئی گیس، دہی، لسی اور یہاں تک کی آٹے، چاول جیسی ضروری اشیاء پر زیادہ ٹیکس لگا کر مہنگائی کو فروغ دیا گیا۔ کانگریس لگاتار مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلے کو اٹھاتی رہی ہے۔ گذشتہ پانچ اگست کو دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کر رہے سابق صدر راہل گاندھی سمیت 60 سے زیادہ اراکین پارلیمنٹ اور دیگر سینئر لیڈران کو پولیس نے سارا دن اپنی حراست میں رکھا۔ پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ زور زبردستی کی گئی۔'
انہوں نے کہا کہ 'کانگریس چار ستمبر کو ایک بار پھر دہلی رام لیلا میدان میں مہنگائی پر ہلا بول ریلی منعقد کر رہی ہے جس میں ملک کے الگ الگ حصوں سے کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوں گے۔ کانگریس کی سوشل میڈیا سیل کی چئیر پرسن نے کہا کہ آج 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ آمدنی کم ہورہی ہے اور ملک کو مہنگائی کے نیچے روندا جارہا ہے اور یہ مہنگائی، پٹرول، ڈیزل تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ آٹا ، دال ، چاول، دودھ ، دہی، لسی کی قیمتوں میں بھی آگ لگی ہے۔ گذشتہ آٹھ سالوں میں مودی حکومت کا ریکارڈ اس سچائی کو اجاگر کرتا ہے۔