نئی دہلی:سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسوڈیا کے دہلی سیکریٹریٹ کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے، سسوڈیا کا دفتر سکریٹریٹ کی چھٹی منزل پر ہے۔ سی بی آئی کس معاملے میں چھاپہ مارنے پہنچی ہے، اس کی ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس سے پہلے اگست کے مہینے میں بھی سی بی آئی نے دہلی حکومت کی نئی ایکسائز پالیسی میں گھوٹالے کے خلاف درج معاملے میں نائب وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔
منیش سسوڈیا نے ٹویٹ کرکے چھاپے کی اطلاع دی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، ’’آج پھر سی بی آئی میرے دفتر پہنچی ہے، ان کا استقبال ہے۔ انہوں نے میرے گھر پر چھاپہ مارا، میرے دفتر پر چھاپہ مارا، میرے لاکر کی تلاشی لی، یہاں تک کہ میرے گاؤں کی بھی تلاشی لی۔ میرے خلاف کچھ نہیں ملا اور نہ ملے گا۔ کیونکہ میں نے میں نے کچھ غلط نہیں کیا، میں نے ایمانداری سے دہلی کے بچوں کی تعلیم کے لیے کام کیا ہے۔‘‘
19 اگست کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا: 17 اگست کو سی بی آئی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں سسوڈیا سمیت 15 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ اس میں نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا، ایکسائز کمشنر آرو گوپی کرشنا، ایکسائز ڈپٹی کمشنر آنند تیواری وغیرہ کے نام تھے۔ ٹھیک دو دن بعد 19 اگست کو سی بی آئی چھاپہ مارنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔ اس کے بعد انہیں 17 اکتوبر کو سی بی آئی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے بھی طلب کیا گیا تھا۔