نئی دہلی:ملک کے دار الحکومت دہلی میں واقع حضرت شاہ ولی اللہ پبلک لائبریری میں آج 'ہندوستان میں مسلمانوں کا سنہرہ دور' نام سے ایک کتاب کا رسم اجرا ہوا۔ اس سے موقع پر ادبی حلقے كی مشہور شخصیات موجود تھیں۔ تمام مہمانان خصوصی نے كتاب سے متعلق اپنے اپنے خیالات كا اظہار كیا۔ یہ کتاب طہ نسیم نے لکھی ہے جب کہ اس کتاب کی رسم رونمائی معروف عالم دین اور تاریخ کی متعدد کتابوں کے مصنف مفتی عطاء الرحمن قاسمی کے دست مبارک سے عمل میں آئی۔ Book on Indian Muslims Release in Delhi
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے طہ نسیم سے بات کی۔ انہوں نے گفتگو كے دوران بتایا کہ موجودہ دور میں مسلم حکمرانوں کو ایک ولین کے طور پر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ایسا نہیں تھا۔ اس میں سچائی نہیں ہے۔ كچھ تو باتیں اچھی ضرور تھیں جس كی وجہ سے اس وقت بھی ترقی ہوتی رہی ہے۔ مسلم حکمرانوں نے اس ملک کو اپنا وطن سمجھا اور اس ملک کی آبیاری کرتے ہوئے ہی اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس کتاب کا مقصد اسی طرح کی باتوں کو سامنے لانا ہے جو فی الحال ایک ایجنڈے کے تحت عوام سے چھپائی گئی ہیں اور ایک خاص مقصد کے لیے مسلمانوں کی تاریخ کو مسخ کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ اس کتاب میں ایسے واقعات کا بھی ذکر ہے جس کے ذریعے مسخ شدہ تاریخ کو عوام الناس کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔