دہلی: سپریم کورٹ کے ذریعہ تشکیل شدہ آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے دہلی میں ایک بار پھر سے سیاسی ہنگامہ برپا ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتیں دہلی حکومت کے آکسیجن مینجمنٹ پر سوالات اٹھا رہی ہیں۔
اس کے پیش نظر دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایک ڈیجیٹل پریس کانفرنس کی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے۔ بی جے پی قائدین بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں بیٹھ کر ایسی خبریں بناتے ہیں اور اروند کیجریوال کو گالی دینے کا کام کرتے ہیں۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ڈیجیٹل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'بی جے پی کے بڑے رہنما اپنا کام چھوڑ کر اروند کیجریوال کو گالیاں دے رہے ہیں'۔ میں اس رپورٹ کی سچائی آپ کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے۔ بی جے پی کے تمام رہنما جھوٹ بول رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے آکسیجن سے متعلق جانچ کے لیے آڈٹ کمیٹی کی تشکیل دی تھی۔ ہم نے آکسیجن کمیٹی کے تمام ممبروں سے بات کی ہے، سب نے کہا کہ ہم نے اب تک اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔ منیش سسودیا نے کہا کہ کمیٹی ممبروں نے ایسی کسی رپورٹ پر دستخط نہیں کیے ہیں۔