انہوں نے کہا کہ 2014 کے مقابلے میں اس بار کے انتخابات میں اس سے بھی بڑی شکست کو دیکھ کر کانگریس کے رہنما گالی گلوچ پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
شکست دیکھ کر اپوزیشن گالی گلوچ پر آمادہ: بی جے پی
بی جے پی کے سینیئر ترجمان سید شاہنواز حسین نے کانگریس پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ کے بعد حزب اختلاف میں مایوسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کو مسلسل ہر روز ایک جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی۔ اپوزیشن کے رہنماوں کے گالی گلوچ والے سارے بیان کانگریس صدر راہل گاندھی کے کہنے پر آ رہے ہیں۔ ان میں بوکھلاہٹ جتنی بڑھے گی، ان کی پارٹیوں کا اتنا ہی نقصان ہوگا۔
انہوں نے کانگریس کی حلیف پارٹی نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ، بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی، سماجوادی پارٹی کے رہنما اعظم خان اور آسام کی اے آئی یو ڈی ایف کے رہنما بدرالدین اجمل کو زبان پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا اور الیکشن کمیشن سے اپوزیشن کے رہنماوں کے قابل اعتراض بیانات پر نوٹس لینے کی اپیل کی۔