کانگریس کے رہنما کپل سبل نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں اس طرح کی کئی مثالیں سامنے آ چکی ہیں جہاں گورنر کی مدد سے اس کی حکومتوں کو گرایا گیا ہے۔
بی جے پی جمہوریت کی نئی تعریف گڑھ رہی ہے: کانگریس
کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر اس کے اشارے پر غیر جمہوری طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتیں گرانے میں اہم کردار ادا کرکے نئے ڈھنگ سے جمہوریت کی جدید تعریف گڑھی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں تازہ ترین مثال راجستھان کی ہے جہاں حکومت اسمبلی کا سیشن بلانا چاہتی ہے لیکن گورنر اس تعلق سے اس کی درخواست پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور کچھ بھی نہیں بول رہے ہیں۔ گورنر اپنے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے بجائے مرکزی حکومت کے اشارے پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجستھان کے گورنر کی واحد مثال نہیں ہے۔ ادھر کچھ برسوں سے گورنر اپوزیشن پارٹیوں کی حکومتوں کو گرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور بی جے پی کی مدد کرکے ملک کی مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود اسے حکومت بنانے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس طرح سے بی جے پی کے اشارے پر گورنر جمہوریت کی جدید تعریف وضع کر رہے ہیں۔