فضائیہ کے ان جانبازں کی جسدخاکی آج صبح نئی دہلی کے پالم ہوائی اڈے پر لائے گئے جہاں وزیر دفاع نے صبح ساڑھے آٹھ بجے انہیں گلدستہ پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر دفاع کے ساتھ ایئر فورس کے کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔
اے این -32 کے ہلاک شدہ جوانوں کو خراج عقیدت
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں ایئر فورس کے طیارے اے این ۔32 کے حادثے میں جان گنوانے والے فضائیہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ طیارہ تین جون کو اروناچل پردیش کے انتہائی ناقابل رسائی پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں فضائیہ کے 13 فوجی سوار تھے اور ان سب کی حادثے میں جان چلی گئی تھی۔ تقریبا ایک ہفتے پہلے اس کے ملبے کا پتہ چلا تھا اور ان جانبازوں کے جسد خاکی جمعرات کو آسام کے جورہاٹ فضائیہ اسٹیشن لائے گئے تھے۔
جورہاٹ سے فضائیہ کے جوانوں کے جسد خاکی طیارہ سی ۔130 کے ذریعہ رات میں ہی لکھنؤ، پالم، انبالہ، ترویندرم اور سُلر لے جائے گئے۔ ان مقامات سے ان کے جسد خاکی آخری رسومات کے لئے ان کے آبائی مقامات لے جائے جائیں گے۔