نئی دہلی: جہانگیر پوری میں کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی پر اوکھلا سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خاں نے سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی رمضان کے مہینے میں دہلی کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔Amanatullah Khan On BJP
امانت اللہ خان نے کہا کہ جہانگیرپوری میں فساد کے بعد ابھی ماحول پرامن ہوا بھی نہیں تھا کہ وہیں اب تجاوزات کے نام پر بلڈوزر چلانے اور ایم سی ڈی کا استعمال کرکے ایک خاص برادری کو اذیت دینے کا نیا کھیل کھیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پورے ملک کا ماحول خراب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر پوری کا ماحول بھی پرسکون نہیں ہوا ہے لیکن کارپوریشن کے ایک حکم کے بعد دوبارہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
امانت اللہ خان نے کہا کہ اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سمیت ملک کے کئی حصوں میں جس طرح سے کارروائی کی جا رہی ہے وہ بھی قابل مذمت ہے۔ اس دوران انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی کارروائی سے باز رہیں۔ آپ ایم ایل اے نے کہا کہ انہوں نے خاص طور پر اپیل کی ہے کہ وہ دہلی کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔