نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے وزیر سوربھ بھاردواج نے بدھ کو بیجو جنتا دل (BJD) اور وائی ایس آر سی پی (YSRCP) کو خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو بی جے پی اوڈیشہ اور آندھرا پردیش میں بھی حکومت گرا سکتی ہے۔ اوڈیشہ میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) اور آندھرا پردیش میں وائی ایس آر سی پی کی حکومت ہے۔ ان دونوں جماعتوں نے دہلی سروسز بل پر مرکز کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عآپ لیڈر اور دہلی کے وزیر سوربھ بھاردواج نے بدھ کو کہا کہ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پارٹیوں کے لیڈروں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ جن ریاستوں میں وہ حکومت کر رہے ہیں وہاں بی جے پی ان کی حکومتیں گرانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑے گی۔
بی جے ڈی چیف منسٹر نوین پٹنائک کی قیادت میں اوڈیشہ میں حکمران جماعت ہے۔ وہیں جگن موہن ریڈی کی قیادت والی وائی ایس آر سی پی آندھرا پردیش میں اقتدار کی باگ ڈور سنبھال رہی ہے۔ بدھ کے روز بھاردواج نے کہا کہ اپوزیشن میں کچھ پارٹیاں، بشمول بی جے ڈی اور وائی ایس آر سی پی پارلیمنٹ میں بی جے پی کی مدد کر رہی ہیں۔ ان جماعتوں کے اپنے سیاسی نظریات ہو سکتے ہیں۔ تاہم جب بھی بی جے پی کو ان ریاستوں میں حکومتیں گرانے کا موقع ملے گا وہ ایسا کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ معلومات کے مطابق بدھ کو جیسے ہی لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوگی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گورنمنٹ آف نیشنل کیپیٹل ٹیریٹری آف دہلی (ترمیمی) بل 2023 کو غور اور منظور کرنے کے لیے پیش کریں گے۔