اردو

urdu

ETV Bharat / state

'ہر گھر کا بڑا بیٹا بن کر ذمہ داری نبھائی ہے' - دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی خبر

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس سے وہ لوگوں کے گھروں کا بجلی اور پانی کا بل بھرنے اور گھر کے بیمار افراد کا علاج کرانے سمیت کئی ایسے کام کیے جو گھر میں بڑے بیٹے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال

By

Published : Jan 27, 2020, 7:56 PM IST

Updated : Feb 28, 2020, 4:33 AM IST


عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے دہلی کے نریلا اور بوانا اسمبلی حلقہ میں روڈ شو کیا۔ اس دوران انہوں نے عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے دہلی میں رہنے والوں کے گھر کا بڑا بیٹا بن کر کام کیا ہے۔ آپ کے گھر کا بجلی اور پانی کا بل بھرا، آپ کے گھر میں بیمار افراد کے علاج اور بزرگ کو تیرتھ یاترہ کرانے کا انتظام کیا۔ لہذا آپ بھلے ہی بی جے پی یا کانگریس کے حامی ہیں۔ آپ اپنی پارٹی میں رہتے ہوئے ہی اپنے اور اپنے خاندان کے لیے اپنا ووٹ صرف جھاڑو کو دینا'۔

وزیر اعلی اروند كیجريوال کے روڈ شو کے دوران نریلا اسمبلی سے آپ کے امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی شرد چوہان اور بوانا اسمبلی سے امیدوار جے بھگوان اپکار بھی موجود تھے۔

کیجریوال نے روڈ شو کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کا بجلی کا بل آیا لیکن آپ کو بھرنے نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ 'خود سب کا بل بھر دیا۔ ان کا پانی کا بل آیا لیکن بھرنے نہیں دیا۔ سب کا بل خود بھر دیا۔ آپ کے گھر میں جتنے چھوٹے چھوٹے بچے تھے ان سب کی تعلیم کا انتظام کیا۔ اسکول سارے درست کیے۔ آپ کے گھر میں کبھی کوئی بیمار ہوا اس کے علاج کے لیے ہسپتال، محلہ کلینک اور مفت دوائیوں کا انتظام کیا۔ آپ کے گھر میں جتنے بزرگ تھے، سب کی تیرتھ یاترہ کا انتظام کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'پوری دہلی میں ایک طرح سے دو کروڑ لوگوں کا خاندان ہے، ہم نے بہت سارے کام کیے، لیکن کئی کام ابھی باقی ہیں'۔

کیجریوال نے مزید کہا کہ اب اگلے پانچ برس میں ہمیں جمنا کو صاف کرنا ہے۔ ہر گھر میں 24 گھنٹے پانی مہیا کرانا ہے۔ دہلی میں کہیں ایک گھنٹے پانی آتا ہے، کہیں دو گھنٹے تو کہیں کہیں دو دن میں ایک بار پانی آتا ہے۔ اگلے پانچ برس میں ہر گھر میں 24 گھنٹے صاف پانی دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دہلی کو چمکانا ہے، دہلی کو صاف کرنا ہے، دہلی میں چاروں طرف گندگی ہے۔ نالیاں بہہ رہی ہیں۔ صفائی نہیں ہوتی ہے۔ دہلی میں کوڑوں کے ڈھیر اور ملبے ہٹانے ہیں۔ دہلی کی آلودگی کو کم کرنا ہے۔ یہ سارے کام اگلے پانچ برس کے اندر کرنے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'یہاں بی جے پی اور کانگریس کے لوگ بھی ہوں گے۔ آپ لوگوں سے اپنی پارٹی کو چھوڑنے کے لیے نہیں کہہ رہا ہوں۔ آپ اپنی پارٹی میں ہی رہیں، لیکن سارے لوگ اپنا ووٹ جھاڑو کو دیں۔ وہ اس لیے کیونکہ 70 برس میں پورے ملک میں کسی بھی پارٹی نے اسکولوں اور اسپتالوں کو درست نہیں کیا ہے۔ ہم نے گزشتہ پانچ برس میں 24 گھنٹے لگ کر اسکولوں اور اسپتالوں کو ٹھیک کیا ہے۔ اب اگر آپ نے کسی اور کو ووٹ دے دیا، تو یہ اسکول اور اسپتال دوبارہ برباد ہو جائیں گے'۔

'کیجریوال مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں'

Last Updated : Feb 28, 2020, 4:33 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details