نئی دہلی: دنیا تقریباً پچھلے تین سالوں سے کووڈ 19 وبائی مرض سے متاثر ہے۔ جس سے معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 283 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں 2525 کورونا ایکٹیو کیسز ہو گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 6747 کووڈ ویکسین لگائی گئیں اور اب تک کل 220 کروڑ 64 لاکھ 08 ہزار 507 ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ جمعہ کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹے میں 197 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 26 ایکٹو کیسز ہیں، کیرالہ میں 23، ہماچل پردیش میں 14، گجرات اور راجستھان میں سات سات، تامل ناڈو میں چھ، پنجاب میں پانچ، تلنگانہ اور اتر پردیش میں تین تین، دہلی، مدھیہ پردیش اور اوڈیشہ میں بالترتیب ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
تفصیلی اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا انفیکشن کے رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 4 کروڑ 46 لاکھ 87 ہزار 162 اور اس مرض سے چھٹکارا پانے والوں کی تعداد 4 کروڑ 41 لاکھ 53 ہزار 865 ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد530772 ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 772 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ یکم مارچ کو 268 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 28 فروری کو 240 نئے کیسز سامنے آئے۔ ان اعداد و شمار سے یہ واضح ہو رہا ہے کہ کووڈ کے معاملات پھر سے بڑھنے لگے ہیں۔