نئی دہلی: اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کی 14 رکنی رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ 13 ستمبر کو قومی دارالحکومت دہلی میں ہوگی۔ اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کے رہنماؤں نے کہا کہ این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں اتحاد کی حکمت عملیوں اور مستقبل کے پروگراموں کا تعین کیا جائے گا۔
دو درجن سے زائد اپوزیشن پارٹیوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں متحدہ طور پر بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے کا مقابلہ کرنے کے لیے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (INDIA) تشکیل دی ہے۔ انڈیا بلاک کے قائدین نے ممبئی میں اپنے اجلاس میں انڈیا بلاک کے مزید پروگراموں کو ترتیب دینے کے لیے 14 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔
رابطہ کمیٹی اپوزیشن اتحاد انڈیا کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کے طور پر کام کرے گی۔ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک رکن و ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انہیں 13 ستمبر کو میٹنگ کے دن ہی حاضر ہونے کے لیے سمن بھیجا ہے۔ اس معاملے میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔