بیجاپور: ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں نکسلیوں نے ایک بار پھر سی آر پی ایف کے اہکاروں پر حملہ کیا۔ نکسلیوں کے ذریعہ نصب کئے گئے پریشر آئی ای ڈی دھماکے میں سی آر پی ایف 85 بٹالین کے دو سپاہی زخمی ہوگئے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد جوانوں کو رائے پور ریفر کر دیا گیا ہے۔ پسنر اور گنگلور کے درمیان ایک دھماکہ ہوا ہے۔ دونوں زخمی فوجیوں کو پہلے ضلع اسپتال لایا گیا۔ پھر ابتدائی طبی امداد کے بعد رائے پور بھیج دیا گیا۔ بیجاپور کے ایس پی انجنیا ورشنے نے اس کی جانکاری دی۔ یہ گنگلور تھانہ علاقہ کا معاملہ ہے۔
یہ واقعہ صبح 10.30 بجے کے قریب گنگلور پولیس اسٹیشن حدود کے تحت ٹیکامیٹا پہاڑی کے قریب اس وقت پیش آیا جب سی آر پی ایف کی 85 ویں بٹالین کی ایک ٹیم پسنر کیمپ سے تلاشی مہم پر نکلی تھی۔ بیجاپور پولیس کے مطابق جب ٹیم علاقے کو گھیرے میں لے رہی تھی تو پریشر آئی ای ڈی دھماکہ ہوا، جس سے سی آر پی ایف کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔