ضلع بڈگام میں عید الضحٰی کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران عید الضحٰی کے تعلق سے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد کی سربراہی میں میٹنگ منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر ناصر نے میٹنگ میں میونسپل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ عید کے پیش نظر تمام تر علاقوں کی فومیگیشن کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں صفائی و ستھرائی کا کام عمل میں لایا جائے۔ میٹنگ میں محکمہ انیمل ہسبنڈری کے افسران نے کہا کہ وہ عید کے موقع پر پولٹری آؤٹ لیٹس لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تحصیل بڈگام، چاڈورہ، چرار شریف، بیروہ اور خانصاحب میں یہ آؤٹ لیٹس لگائیں گے جہاں پر لوگ جانوروں کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ مارکیٹ ریٹ کے مقابلے کافی سستے دام میں جانوروں کو ان سیل آؤٹ لیٹس پر لگائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ عید کے موقع پر محکمہ شیپ ہسبنڈری اٹھارہ ہزار قربانی کے بھیڑ بھی لوگوں کے لیے دستیاب رکھیں گے۔