بڈگام (جموں و کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ’’نشہ مکت ابھیان‘‘ کے تحت گورنمنٹ ڈگری کالج، حیدر پورہ، میں ’’ڈسٹرکٹ حب امپاورمنٹ آف وومن، مشن شکتی‘‘ کی جانب سے منشیات کے مضر اثرات پر ایک خصوصی بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ منتظمین کے مطابق پروگرام کے انعقاد کا مقصد معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالہ سے عوام کو آگاہ کرنا اور انہیں بھی اس مہم کا حصہ بننے کی تلقین کرنا تھا۔
پروگرام کے دوران سٹی کالجز پر خصوصی توجہ دی گئی کیونکہ منتظمین کے مطابق ’’مختلف کالجوں میں زیر تعلیم طلباء منشیات کی بدعت کے حوالے سے سب سے حساس قرار دیے گئے ہیں۔‘‘ پروگرام کے دوران مقررین نے کہا کہ ’’منشیات کی لت عمومی طور جبجہ نوجوان نسل میں اس کا بڑھتا رجحان ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس سے نہ صرف متعلقہ فرد بلکہ پورے معاشرے پر بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘‘