ضلع بڈگام کے بیروہ میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہونے اور ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کے سبب لوگوں نے بیروہ میونسپلٹی کی شدید نکتہ چینی کی۔
مقامی لوگوں نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے میونسپل کمیٹی بیروہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقے میں کہیں بھی ڈسٹ بن موجود نہیں ہے۔ اس کے سبب راہگیر اور دکاندار کوڑا کرکٹ سڑک کنارے ہی پھینکے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
بڈگام: بیروہ میونسپل کمیٹی کے خلاف عوام میں غم و غصہ اس حوالے سے میونسپل کمیٹی بیروہ کے ایگزیکٹیو آفیسر کا کہنا تھا کہ علاقے میں پہلے سے ہی موجود ڈسٹ بن خراب ہو گئے اور بعض چورے ہو گئے۔ ضرورت ہے کہ قصبہ میں جلد ہی نئے ڈسٹ بن نصب کیے جائیں گے۔
قصبے بیروہ کے بیچوں بیچ سے ایک خوبصورت اور صاف و شفاف نالہ گزرتا ہے جس کے دونوں اطراف کے دوکانداروں اور گھروں سے نکلنے والا کوڑا کرکٹ جمع کیا جاتا ہے۔ جس پر لوگوں نے میونسپلٹی کے تئیں ناراضگی کا اظہار کیا۔
قصبے میں تین چھوٹے بڑے بس اسٹینڈ ہیں تاہم لوگوں کی سہولیات کے لیے وہاں ڈسٹ بن موجود نہیں ہے جس کے سبب بس اسٹینڈ کوڑے دان میں تبدیل ہو چکا ہے۔ وہیں، بیت الخلاء کی عدم موجودگی کے باعث مسافرین اور ڈرائیور حضرات کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کے ای او (ایکزیکٹیو آفیسر) نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ قصبہ میں بیت الخلاء تعمیر کیے گئے ہیں تاہم شدید سردی کے پیش نظر انہیں نقصان پہنچا تھا جن کی مرمت کے بعد انہیں قابل استعمال بنایا گیا ہے۔
بس اسٹینڈ میں بیت الخلا نہ ہونے کے سبب عوام کو درپیش دقتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پلان تیار کیا جا چکا ہے اور سرکار کی جانب سے منظوری کے بعد فوراً ہی بس اسٹینڈ میں بیت الخلاء تعمیر کیے جائیں گے۔