ہمہامہ سرینگر: نینشل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں ملیٹنسی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت وقت سے یہ بر بادی چل رہی ہے اور مجھے اس کا خاتمہ کہیں نظر نہیں آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک دو ممالک آپس میں بات چیت نہیں کریں گے تب تک قیام امن ممکن نہیں ہے۔ موصوف نیشنل کانفرنس صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو ہمہامہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا، جہاں وہ کوکرناگ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے ڈی ایس پی ہمایوں بٹ کی رہائش گاہ پر تعزیت پرسی کے لئے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 'فوجی کرنل، میجر اور ڈی ایس پی کی زندگیوں کا زیاں بہت بڑا صدمہ ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ بربادی کافی وقت سے ہو رہی ہے لیکن مجھے اس کا خاتمہ کہیں نظر نہیں آرہا ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ'حکومت زور سے چلا رہی ہے کہ ملیٹنسی ختم ہوئی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا ہے کیونکہ روز یہاں کبھی راجوری میں کبھی کہیں دوسری جگہ انکاؤنٹر ہو رہے ہیں'۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب تک دو ممالک آپس میں بات چیت نہیں کریں گے تب تک امن قائم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لڑائی سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے بلکہ بات چیت سے قیام امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔