بڈگام (جموں و کشمیر) :ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بدھوری نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کا دورہ کیا اور ہمہامہ میں ایئرپورٹ روڈ پر جاری بیوٹیفیکیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈویژنل کمشنر نے فٹ پاتھ اور فٹ پاتھ ڈویلپمنٹ پلانٹیشنز، پارکنگ کی سہولیات، مارکیٹ بیوٹیفیکیشن، لان ڈیولپمنٹ اور دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ ’’چونکہ سرینگر G-20 میٹنگ کی میزبانی کرنے والا ہے، اس لئے خوبصورتی، تزئین و آرائش اور سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام شروع کیا گیا ہے۔‘‘ صوبائی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیں جس میں ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک کی ہموار آمد و رفت کے لیے پارکنگ کی سہولیات بھی شامل ہیں۔