بڈگام:وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ڈپٹی کمشنر ایس ایف حامد نے بلاک سکھ ناگ کے دور دراز پنچایتی حلقہ ژھل براس میں ایک میگا بلاک دیوس کی صدارت کی۔ اس موقع پر گاؤں ژھل، براس، کھی پور، لاسی پورہ، ستھہارن، بٹہ پورہ اور دیگر ملحقہ دیہات کے پی آر آئی ممبران اور معزز مقامی باشندوں نے ڈی سی کو اپنی ضروریات سے آگاہ کیا۔ Block Diwas at Sukhnag Budgam
عوامی شکایات سننے کے بعد ڈی سی نے علاقے کی ہمہ گیر ترقی پر زور دیا۔ رابطہ سڑکوں کے مطالبات کے حوالے لوگوں سے کہا گیا کہ ژھل ستھارن، بٹہ پورہ اور علاقے میں دیگر رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 14 کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹس کو منظوری دی گئی ہے۔ ڈی سی نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ اس پر جلد کام شروع کیا جائے تاکہ مقامی آبادی کو سڑکوں کا بہتر رابطہ فراہم کیا جا سکے۔
بلاک دیوس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ایک کروڑ روپے سے زائد پروجیکٹس پر مشتمل فلٹریشن پلانٹ اور ڈبلیو ایس ایس کے ایک جوڑے کو بھی منظوری دی گئی ہے تاکہ گاؤں والوں کو پینے کے پانی کی مناسب مقدار فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر ڈی سی نے پی آر آئیز پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کاموں پر نظر رکھیں اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے افسران کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔