ضلع مجسٹریٹ بڈگام کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسز میں گذشتہ چند روز سے درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر قصبہ بڈگام، ماگام، چاڈورہ، بی کے پورہ، بمنہ، چرار شریف، ناربل، بیروہ، چھتر گام، ناگام، خانصاحب وغیرہ میں 16 جولائی سے 20 جولائی تک تمام دکانیں بند رہیں گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی۔
قصبہ بڈگام میں جمعرات کے روز بازاروں میں ایک بار پھر الو بولنے لگے، تمام دکانیں بند رہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل مکمل طور پر بند رہی بلکہ نجی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔ قصبے کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر ناکے بٹھا دیے گئے ہیں اور لوگوں اور گاڑیوں کو قصبے میں داخل ہونے سے روکا جاتا تھا۔
قصبے میں دن بھر پولیس کی گاڑیاں گشت کرتی رہیں جن میں لاوڈ اسپیکر لگے ہوئے تھے جن کے ذریعے لوگوں کو گھروں میں ہی بیٹھنے کی تاکید کی جارہی تھی اور لوگوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی بھی تلقین کی جارہی تھی۔
لاک ڈاؤن کے بیچ سرکاری محکمے اگرچہ کھلے ہی رہیں لیکن ان میں لوگوں کی چہل پہل مفقود ہی رہی۔ قصبہ بڈگام میں ایک نامور مذہبی رہنما کے فرزند کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔