بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بدھ کی شام کو یہاں ضلع کے حیدر پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے ایک محاصرہ اور تلاشی آپریشن (CASO) شروع کیا گیا جو ابھی تک جاری ہے۔ یہ آپریشن جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ، 62 آر آر اور سی آر پی ایف نے بڈگام ضلع کی پولیس کے دائرہ اختیار میں واقع شاہ انور کالونی حیدر پورہ میں شروع کیا تھا اور گھر گھر تلاشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سینیئر پولیس افسران نے بتایا کہ تقریباً 35 گھروں کی تلاشی ابھی تک لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد یہ محاصرہ شروع کیا گیا۔ ابھی تک تلاشی کاروائی کے دوران کچھ حاصل نہیں ہوا ہے البتہ کاروائی جاری ہے۔ یہاں یہ بات واضح ہے کہ حیدرپورہ شہرِ سرینگر کے مضافات میں بھی پڑتا ہے اور یہ نیشنل ہائی وے پر واقع ہے اور چند سال پہلے یہاں حیدرپورہ فلائی اوور کے قریب عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑیوں پر حملہ کیا تھا جس میں متعدد فوجی مارے گئے تھے۔