اردو

urdu

ETV Bharat / state

بڈگام: سی آر پی ایف کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک

سی آر پی ایف کی فائرنگ میں جواں سال شہری کی ہلاکت کے بعد کئی دیہات میں صورتحال کشیدہ رخ اختیار کرگئی۔ لوگوں نے کئی جگہوں پر سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور سکیورٹی فورسز پر پتھرائو کیا۔

civilian killed in CRPF firing at narbal, budgam
بڈگام: سی آر پی ایف کی فائرنگ سے شہری ہلاک

By

Published : May 13, 2020, 12:13 PM IST

Updated : May 14, 2020, 10:11 AM IST

وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ناربل علاقے میں سرینگر ۔ گلمرگ روڈ پر بدھ کی صبح سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک 25 سالہ نوجوان ابدی نیند سو گیا۔

مہلوک نوجوان کی شناخت مکہامہ بیروہ کے رہنے والے پیر معراج الدین شاہ ولد غلام نبی شاہ کے بطور ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہلوک نوجوان کا چچا اور ایک بھائی جموں وکشمیر پولیس میں ملازمت کررہے ہیں۔ وہ خود ایک 'خدمت سینٹر' چلا رہا تھا۔

سی آر پی ایف کی فائرنگ میں جواں سال شہری کی ہلاکت کے بعد بدھ کے روز نارہ بل کے کئی دیہات میں صورتحال کشیدہ رخ اختیار کرگئی۔ لوگوں نے کئی جگہوں پر سڑکوں پر نکل کر احتجاج اور سکیورٹی فورسز پر پتھرائو کیا۔ سکیورٹی فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے معمولی طور پر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

انتظامیہ نے صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کے لئے ضلع بڈگام میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔ نیز سرینگر ۔ گلمرگ روڑ پر سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

ایس ایس پی بڈگام امود ناگپوری نے کہا کہ 'نارہ بل کاووسہ میں ایک سول گاڑی نے سیکورٹی فورسز کے دو ناکے توڑے جس پر ایک ناکے پر تعینات سی آر پی ایف اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی۔'

مذکورہ شہری کو نازک حالت میں علاج و معالجہ کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو ہسپتال مردہ حالت میں پہنچایا گیا۔

ادھر یہ واقع وقوع پذیر ہوتے ہی پورے نارہ بل علاقے میں سراسیمگی کا ماحول پھیل گیا اور لوگ سڑکوں پر جمع ہوئے۔ کئی جگہوں پر لوگوں کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔

سری نگر میں تعینات سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے بتایا کہ وادی میں اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ایسے میں مہلوک شہری کو سکیورٹی فورسز کا ناکہ نہیں توڑنا چاہیے تھا۔

انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: 'بدھ کی صبح قریب 10 بجکر 20 منٹ پر رانگ سائیڈ سے چلنے والی ایک ویگن آر گاڑی نے پولیس کا ناکہ توڑا، جب یہ گاڑی سی آر پی ایف کے ناکے کے قریب پہنچی تو اس پر فائرنگ کی گئی۔ جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہاں پر سی آر پی ایف کی 141 بٹالین سے وابستہ اہلکار تعینات تھے'۔

جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق آج صبح دس بجکر 20 منٹ پر نارہ بل ۔ گلمرگ روڈ پر کاووسہ کے مقام پر ایک سول گاڑی ویگن آر نے پولیس کا چیک پوائنٹ توڑا اور آگے سی آر پی ایف 141 بٹالین کے چیک پوائنٹ پر بھی رکنے کا اشارہ کرنے کے باوجود نہیں رکی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملحقہ سڑک پر اسی وقت فوج کا ایک قافلہ رواں دواں تھا۔ جب سی آر پی ایف اہلکاروں کو لگا کہ مذکورہ گاڑی کا مقصد تخریب کاری ہوسکتا ہے تو انہوں نے وارننگ شاٹس فائر کئے۔

پولیس بیان کے مطابق چونکہ یہ سول گاڑی رانگ سائیڈ میں چل رہی تھی اس کو دیکھتے ہوئے یہ زیادہ ہی خطرناک تھا۔ وارننگ شاٹس کے بعد سی آر پی ایف اہلکاروں نے گاڑی کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گولی ڈرائیور کے بائیں کندھے میں لگی۔

بیان میں کہا گیا کہ زخمی شہری کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

ادھر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ایف ائی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

بڈگام کے ڈپٹی کمشنر طارق احمد نے بتایا 'پولیس نے اس سلسلہ میں ایف ائی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے، اور میں نے تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔ ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔'

ادھر سی آر پی ایف نے بھی واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

Last Updated : May 14, 2020, 10:11 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details