بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے ہائر سیکنڈری اسکول، سویہ بگ میں منشیات سے بچاؤ کے موضوع پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جس میں طلبہ کو منشیات کے نقصانات سے ذاتی و معاشرتی نقصانات نے آگاہ کرنے کے علاوہ انہیں منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔ بیداری پروگرام میں مدعو کیے گئے مقررین نے طلبہ کو پند و نصائح سے بھی نوازا۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ ’’نشہ آور اشیاء کی نشاندہی کرنے میں اسکول انتظامیہ کا ایک اہم ترین کردار ہے کیونکہ وہ بچوں کے ساتھ ہر طرح سے منسلک ہوتے ہیں۔‘‘ مقررین نے منشیات کا تدارک کرنے کے لئے اسکول انتظامیہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ مقررین نے بتایا کہ نشے سے ہونے والے نفسیاتی بیماریاں اور سماج پر مرتب ہونے والے اثرات کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی بدعت سے دور رکھنے میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔