بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے سویک ایکشن پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) میں ایک تقریب کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ’’خصوصی طور پر معذور‘‘ افراد میں ضروری اشیاء تقسیم کیں، جن میں سلائی مشین، آئرن، تھریڈ باکس، ٹیپ پرنٹر، کاپیئر اینڈ سکینر اور لیمینیشن مشین سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ ایس ایس پی بڈگام، طاہر گیلانی، نے قریب 35 معذور افراد میں یہ اشیاء تقسیم کیں۔
ایس ایس پی بڈگام نے مستحقین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پولیس کی جانب سے خصوصی طور پر معذور افراد کو فراہم کی جانے والی مدد سے انہیں کسی حد تک خود انحصاری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سبھی شہریوں خاص کر جسمانی طور خاص افراد کی زندگی کو آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا: ’’جسمانی چیلنجز سے جوجھ رہے افراد کو مالی سمیت دیگر نفسیاتی مدد پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔‘‘