ضلع بڈگام میں بتدریج کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہر آئے دن تین سو سے زائد مثبت معاملے سامنے آرہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب ضلع میں صرف 33 فعال معاملے تھے لیکن معاملوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب ضلع بڈگام میں فعال معاملے بائیس سو سے تجاوز کر چکے ہیں۔
ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹیسٹنگ کے عمل میں کافی تیزی لائی ہے جس کی بدولت کافی کیسز سامنے آرہے ہیں۔ ایک طرف انتظامیہ یہ بھی دعویٰ کرتا ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے اور لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے کورونا ویکسین کا لگوانا ضروری ہے لیکن دوسری جانب ان دنوں کئی ویکسینیشن مراکز پر ویکسینیشن کا عمل رک گیا ہے۔
ان مراکز پر تالے لگے ہوئے ہیں۔ سی ایم او بڈگام نے ای ٹی وی کو بتایا کہ 'ہم مائکرو کنٹینمنٹ علاقوں میں ماس سیمپلنگ کر رہے ہیں اور اس کے علاوہ جتنے بھی ٹیسٹنگ مراکز ہیں وہاں پر بھی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے روزانہ کے مثبت معاملوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے'۔