وندے بھارت مشن کے تحت کویت سے گیا آئے دو افراد میں کورونا کی علامت پائی گئی ہے۔ جمعہ کو کویت سے گیا ہوائی اڈے پر بہار کے باشندے پہنچے تھے جنہیں بودھ گیا کے ایک ہوٹل میں کوارنٹین کیا گیا ہے۔
کورونا علامت پائی جانے پر انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج و ہسپتال میں ٹرونیٹ مشین سے جانچ ہوئی جس میں دونوں افراد کی رپورٹ پوزیٹیوآئی ہے۔
ان کی کنفرم رپورٹ کے لیے نمونے لیکر پٹنہ بھیجے گئے ہیں، حالانکہ ان کی اگر پٹنہ سے بھی ٹیسٹ رپورٹ پوزیٹیو آتی ہے تبھی انہیں پوزیٹیو مانا جائیگا، تاہم ابھی احتیاط کے طور پر ان کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے۔
کوارنٹین سیل کے انچارج سینئر نوڈل افسر نریش جھا نے بتایا کہ جمعہ کو کویت سے آئے بہاری باشندوں میں دو شخص میں کورونا کی علامت پائی گئی ہیں۔ یہ دونوں مدھوبنی اور سیوان کے رہنے والے بتائے جارہے ہیں۔ ضلع ہیلتھ محکمہ کے لئے راحت کی بات یہ ہے کہ تین مریضوں کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ یہ سبھی جہان آباد ضلع کے رہنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع گیا میں کورونا کے معاملے میں مسلسل اضافے ہو رہے ہیں۔ ضلع میں مریضوں کی تعداد ستر سے زیادہ ہوچکی ہے، جبکہ ایک شخص کی موت بھی ہوگئی ہے۔
حالانکہ کورونا سے مرنے والا شخص تین دن پہلے ہی ممبئی سے آیا تھا اور علاج کے دوران اس کا انتقال ہوا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس کے مرنے کی وجہ سنگین بیماری بھی بتائی گئی ہے۔ تدفین کے بعد اس شخص کی رپورٹ پوزیٹیو آئی تھی۔ احتیاط کے طور پر گھروالوں کو گھر ہی میں کوارنٹین کی گیا ہے۔