پٹنہ:بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایس ٹیٹ کے دو لاکھ سے زائد کامیاب امیدواروں نے بحالی عمل میں سست رو اور تاخیر پر حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔احتجاج کا سلسلہ گزشتہ تین دنوں سے جاری ہے۔ سمستی پور سے آئے امیدوار ابھیشک جھا نے کہا کہ جب تیجسوی یادو اپوزیشن میں تھے تو اساتذہ امیدواروں کے مفاد میں کئی بار کھڑے ہوئے تھے لیکن حکومت میں آنے کے بعد ٹیچر امیدواروں کو صرف یقین دہانی پر یقین دہانی مل رہی ہے۔ سال 2019 میں لاکھوں امیدوار STET پاس کر چکے ہیں۔اس کے بعد سے خالی آسامی کے انتظار میں بے روزگار بیٹھے ہیں۔ آج ہم لوگ گھر سے بے گھر ہو رہے ہیں، نتیش کمار سمادھان یاترا پر جا رہے ہیں مگر ہم لوگوں کے مسائل کا حل نہیں کر رہے.
کامیاب امیدوار انامیکا سنگھ نے کہا کہ ابھی بہار اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے جا رہا ہے، اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو لاکھوں امیدوار سڑکوں پر اتر کر بہار اسمبلی کا گھراؤ کریں گے. عظیم اتحاد حکومت سے ہمیں امید تھی کہ نئی حکومت بننے کے بعد ہمارے مسائل حل ہوں گے مگر وزیر تعلیم کی جانب سے ہمیں صرف ٹھگا جا رہا ہے. وزیر تعلیم کہتے ہیں بحالی ہوگی مگر کب ہوگی یہ کسی کو نہیں معلوم۔ امیدوار آلوک یادو کہتے ہیں کہ بہار میں تعلیم کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مڈل سکولوں اور ہائی سکولوں میں اساتذہ کی شدید کمی ہے۔ اساتذہ کی کمی کے باعث بچوں کو معیاری تعلیم نہیں مل رہی اور امیدوار بھی بے روزگار بیٹھے ہیں۔